جکارتہ27اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)انڈونیشا میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ سے ہلاک شدگان کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔ آگ لگنے سے فیکٹری کے اندر رکھا ہوا آتش گیرمواد دھماکوں سے پھٹ گیا تھا۔ جس فیکٹری میں آگ لگی، وہ انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ کے جنوب مغربی نواح میں تعمیر کی گئی جدید بستی تانگیرانگ کے انڈسٹریل کمپلیکس میں کچھ ہفتے قبل ہی قائم کی گئی تھی۔ آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی اِس فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد پے در پے کئی دھماکے بھی ہوئے۔ ان دھماکوں نے قریبی رہائشی علاقوں کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔دھماکوں سے فیکٹری کے اندر رکھے ہوئے آتش گیر اور دھماکا خیر مواد نے آگ پکڑ لی۔ پہلے دھماکے سے ہی فیکٹری کی چھت اڑ کر دور جا گری تھی۔ ایمرجنسی حکام اور مقامی لوگوں نے اس فیکٹری سے ملحقہ دیوار کو توڑ کر کچھ ملازمین کو باہر نکلنے میں مدد فراہم کی۔جس وقت فیکٹری میں آگ لگی، اْس وقت کْل 103 ورکرز اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ ان میں سے کئی شدید جھلس کر رہ گئے جب کہ سینتالیس افراد آگ کی لپیٹ میں آ کر جل گئے تھے۔ جکارتہ پولیس کے سربراہ نے فیکٹری میں سے سینتالیس جلی ہوئی لاشوں کو باہر نکالنے کی تصدیق کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق جلی ہوئی لاشوں کی شناخت ممکن نہیں رہی ہے۔